گلیات میں تجاوزات کے خلاف بلڈنگ کنٹرول ایجنسی کی سخت کارروائی، غیر قانونی تعمیرات مسمار

ایبٹ آباد : گلیات کی فطری خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور سیاحت کے فروغ کے لیے بلڈنگ کنٹرول ایجنسی نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہے۔

ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول ایجنسی اصغر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گلیات بازار، فٹ پاتھوں اور ہوٹلوں کے اطراف قائم غیر قانونی ڈھانچوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔

اصغر علی کا کہنا تھا کہ گلیات ایک عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام ہے جہاں ہر سال ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاح آتے ہیں، لیکن بڑھتی ہوئی تجاوزات قدرتی حسن کو متاثر کر رہی تھیں اور سیاحوں و مقامی افراد کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی تھیں۔

کارروائی کے دوران درجنوں غیر قانونی تعمیرات کو نوٹسز جاری کیے گئے، متعدد پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور کئی تجاوزات کو فوری طور پر مسمار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ بائی لاز کے بغیر کسی بھی تعمیر کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون سب پر یکساں لاگو ہوتا ہے، چاہے وہ چھوٹا دکاندار ہو یا بڑا ہوٹل مالک۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کو خود سمجھ آ گئی کہ قیادت کے تلوں میں تیل نہیں، شیرافضل مروت

انہوں نے مقامی آبادی اور سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ گلیات کو صاف، محفوظ اور تجاوزات سے پاک رکھنے میں ادارے کا تعاون کریں تاکہ گلیات کا قدرتی حسن برقرار رہے اور یہ ایک مثالی سیاحتی مقام بنا رہے

Scroll to Top