پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات ہر شعبے میں مثالی ہیں اور دونوں ممالک نے انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کے وفد کی میزبانی کر کے انہیں دلی خوشی ہوئی۔ ایک بیان میں ترک صدر نے پاکستانی وفد کے حالیہ دورہ ترکیہ کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یہ ملاقات انتہائی مفید ثابت ہوئی۔
صدر اردوان کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں معیشت، تجارت، سلامتی اور علاقائی تعاون جیسے کلیدی موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات ہر شعبے میں مثالی ہیں اور دونوں ممالک نے انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں ترک صدر نے پاکستانی عوام سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا:’’وزیراعظم پاکستان کے ذریعے پاکستانی بھائیوں کو محبت اور یکجہتی کا پیغام بھیجتا ہوں۔‘‘
رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا: ’’اللّٰہ تعالیٰ ہماری یکجہتی، بھائی چارے اور اتحاد کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔‘‘
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کے اس مثبت پیغام کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے، جہاں دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے لیے اہم قرار دیا جاتا ہے۔





