انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے تین اہم مقدمات میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور واقعہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں عمر ایوب کی عبوری ضمانت کی سماعت کی۔ دوران سماعت وکلاء نے عدالت میں ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمر ایوب بیمار ہیں اور آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے وکلاء کا مؤقف منظور کرتے ہوئے عمر ایوب کی حاضری معافی کی درخواست قبول کر لی، اور مقدمات کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔ ساتھ ہی عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ اگلی سماعت پر مقدمات کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کرے۔
یاد رہے کہ عمر ایوب نے ان تینوں مقدمات میں عبوری ضمانتیں حاصل کر رکھی ہیں۔ ان کیسز میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت، اشتعال انگیزی اور کارکنان کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
عدالت میں ان مقدمات کی مزید سماعت 27 جون کو ہو گی، جہاں عبوری ضمانت کی توثیق یا حتمی فیصلے کا امکان ہے۔





