ایبٹ آباد: عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی ایبٹ آباد کی مویشی منڈی میں روایتی گہما گہمی واپس آ گئی ہے۔ شہری قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے منڈی کا رخ کر رہے ہیں، جہاں مختلف نسلوں کے بیل، گائے، بکرے اور دنبے فروخت کے لیے لائے گئے ہیں۔
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ اس سال جانوروں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے خریداروں کا جوش و خروش کچھ حد تک کم دکھائی دے رہا ہے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی اور جانوروں کی خوراک کے اخراجات نے بیوپاریوں کو قیمتیں بڑھانے پر مجبور کر دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، جس کے باعث اکثر لوگ صرف جانور دیکھنے آ رہے ہیں، خریدنے کی سکت کم افراد میں ہی نظر آ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عید قرباں کے پیش نظر خیبر پختونخوا کی مویشی منڈیاں سج گئیں
منڈی انتظامیہ کے مطابق صفائی، سیکیورٹی اور سہولیات کے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔





