لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وائٹ بال فارمیٹ کے نمایاں کھلاڑیوں کو تین روزہ مختصر کیمپ کے لیے لاہور طلب کر لیا ہے، جہاں ان کی فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے 22 کھلاڑیوں کو 3، 4 اور 5 جون کو کیمپ میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
کیمپ میں شامل کھلاڑیوں میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، نسیم شاہ، عثمان خان، سعود شکیل، عبداللہ شفیق، محمد نواز، عامر جمال، طیب طاہر اور دیگر نمایاں نام شامل ہیں۔
کھلاڑیوں کو تین مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں وہ مختلف ٹریننگ سیشنز میں شرکت کریں گے۔ کیمپ کے دوران نہ صرف ان کی فٹنس اور کارکردگی کا تجزیہ کیا جائے گا بلکہ انہیں آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بنگلہ دیش ٹی ٹوینٹی سیریز، پی سی بی کا ٹکٹوں کی قیمت کا اعلان
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن دیگر کوچز کے ہمراہ کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور مستقبل کے لیے منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سینیئر کھلاڑی بھی ان گروپس کے سیشنز میں شریک ہوں گے۔





