عمر ایوب کا سخت ردعمل، اسپیکر سے نااہلی ریفرنس اور فیصلے کی وضاحت مانگ لی

عمر ایوب کا سخت ردعمل، اسپیکر سے نااہلی ریفرنس اور فیصلے کی وضاحت مانگ لی

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو ایک اہم خط لکھ کر اپنے خلاف دائر نااہلی ریفرنس اور اس پر کیے گئے فیصلے کی مکمل تفصیلات اور قانونی بنیادیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عمر ایوب نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں نہ صرف ریفرنس کی آئینی و قانونی توجیہ درکار ہے بلکہ وہ اس کی مصدقہ نقل، شواہد، اندرونی کارروائی، اور فائل نوٹنگز بھی چاہتے ہیں تاکہ تمام قانونی نکات کا بھرپور جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے اسپیکر سے کہا ہے کہ آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کی بنیاد، الزامات کی نوعیت، تیسرے فریق کی درخواست پر کارروائی، اور انہیں صفائی کا موقع دینے سے متعلق تمام تفصیلات تحریری طور پر فراہم کی جائیں۔

اپنے خط میں عمر ایوب نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ریفرنس کے حوالے سے ماضی کی نظیریں اور قانونی حوالہ جات بھی فراہم کیے جائیں، تاکہ کارروائی کو شفاف اور منصفانہ بنایا جا سکے۔

خط میں انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وقار، جمہوری اصولوں اور شفاف عمل کے تحت تمام ریکارڈ فوری مہیا کیا جائے، تاکہ ان کے قانونی حقوق متاثر نہ ہوں۔

یاد رہے کہ بابر نواز کی جانب سے عمر ایوب کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کیا گیا تھا، جسے اسپیکر قومی اسمبلی نے ابتدائی جانچ کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کارروائی کے لیے بھیج دیا تھا۔

Scroll to Top