وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نااہلی کیس، درخواست دائر، اہم وجہ سامنے آ گئی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نااہلی کیس، درخواست دائر، اہم وجہ سامنے آ گئی

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی نااہلی کے لیے ایک باقاعدہ درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس میں ان پر اختیارات کے غلط استعمال اور آئین و قانون کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ درخواست معروف قانون دان ارسلان آفریدی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے، جو کہ نہ صرف غیر قانونی عمل ہے بلکہ دوسرے صوبے میں مالی امداد کو رشوت کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق وزیراعلیٰ نے صوبے کے وسائل کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کر کے اپنے مینڈیٹ اور حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے اور ایسے میں اس قسم کا اقدام نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ آئین اور این ایف سی ایوارڈ کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک صوبے کا فنڈ دوسرے صوبے میں صرف ایمرجنسی یا قدرتی آفت کی صورت میں استعمال کیا جا سکتا ہے، جب کہ موجودہ معاملے میں ایسی کوئی صورتحال موجود نہیں تھی۔

درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ علی امین گنڈا پور کو آئین کے تحت نااہل قرار دیا جائے تاکہ صوبائی وسائل کا غلط استعمال روکا جا سکے اور آئندہ کے لیے ایک واضح مثال قائم ہو۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ابھی تک درخواست پر کوئی ابتدائی کارروائی یا سماعت کی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔

Scroll to Top