پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پانچویں مرتبہ بھی پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، حالانکہ بانی چیئرمین کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کو واضح پیغام دیا گیا تھا کہ بجٹ سے قبل مشیر خزانہ کی ملاقات کرائی جائے۔
داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزمل اسلم نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران تین مرتبہ ملاقات کے لیے آئے، لیکن ہر بار انہیں اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ان کا نام سب سے زیادہ بار ملاقات کے لیے دیا گیا، اس کے باوجود رکاوٹیں پیدا کی گئیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات اس لیے ضروری ہے تاکہ انہیں ملک کی بگڑتی معاشی صورتحال اور خیبرپختونخوا کی مالی حالت سے آگاہ کیا جا سکے۔
ان کے بقول بانی چیئرمین ان معاملات پر تفصیلی ڈسکشن کرنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ کے لیے مناسب رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا قبائلی اضلاع میں 60 ارب روپے کے اخراجات کا انکشاف
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پیٹرن انچیف کو صوبے کی معاشی کارکردگی پر بریف کرنا اہم ہے، اور سابق وزیراعظم کی جانب سے بجٹ سے قبل ملاقات کی واضح ہدایت موجود تھی، اس کے باوجود انہیں پانچویں مرتبہ بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جو تشویش ناک ہے۔





