مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں صوبے کی ٹیکس آمدن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مزمل اسلم نے کہا ہے کہ نان ٹیکس آمدن میں بھی 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے جو کہ مالیاتی نظم و نسق میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹیکس دہندگان کے تحفظات کو مدنظر رکھا گیا ہے اور انہیں دور کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ مالی سال کیلئے بھی 40 فیصد اضافے کا ٹیکس ہدف مقرر کیا جا رہا ہے، تاہم صوبے میں کوئی نیا ٹیکس نافذ کرنے کا ارادہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق سینٹیر عباس خان آفریدی انتقال کر گئے
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے مزید کہا کہ حکومت کی توجہ صرف ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور موجودہ نظام پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے تاکہ محصولات میں اضافہ کیا جا سکے بغیر عوام پر نیا بوجھ ڈالے۔





