ہری پور : ضلع ہری پور میں دفعہ 144 کے نافذ العمل ہونے کے باوجود اس کی صریح خلاف ورزی جاری ہے، جس کا افسوسناک ثبوت ایک ہی روز تین افراد کا مختلف مقامات پر نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہونا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ نوری آبشار میں پیش آیا، جہاں ایک نوجوان نہاتے ہوئے ڈوب گیا اور جان کی بازی ہار گیا۔ دوسرا افسوسناک واقعہ تربیلا جھیل کے چکہائی مقام پر پیش آیا، جہاں دو افراد نہاتے ہوئے گہرے پانی میں جا کر ڈوب گئے۔
مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک لاش کو پانی سے نکال لیا، جبکہ باقی کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خان پور ڈیم میں سیاحوں کو محفوظ اور معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ٹی ایم او
عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہری پور میں دفعہ 144 پر سختی سے عمل کروائیں اور غیر محفوظ مقامات پر نہانے پر فوری پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔





