وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ٹیکس فری بجٹ لائیں گے، عوام پر نیا بوجھ نہیں ڈالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں ٹیکس فری بجٹ پیش کیا جائے گا اور عوام پر کسی قسم کا نیا مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے مشاورت کی گئی ہے، اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ مکمل طور پر عوام دوست ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم ٹیکس فری بجٹ دے رہے ہیں، صوبے نے اب تک کوئی نیا قرض نہیں لیا، اور پرانے قرضوں کی ادائیگی کے لیے 150 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔‘‘
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں متعدد میگا پراجیکٹس کا آغاز کیا جا رہا ہے، جن میں ڈیرہ موٹروے سر فہرست ہے، جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو خودمختار بنانے کے لیے بلا سود قرضوں کی اسکیم میں توسیع کی جائے گی۔
علی امین گنڈاپور نے تعلیمی شعبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم خیبرپختونخوا میں تعلیم کا معیار بلند کرنا چاہتے ہیں، اور اس مقصد کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کا مالی سال 2025-26 کا بجٹ 13 جون کو کابینہ سے منظوری کے بعد پیش کیا جائے گا۔ محکمہ خزانہ کے مطابق یہ بجٹ 200 ارب روپے سرپلس ہوگا، جبکہ ترقیاتی بجٹ میں 40 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں 500 سے زائد نئے ترقیاتی منصوبے شامل کیے جا رہے ہیں۔





