گاڑی خریداروں کیلئے ریلیف،حکومت کا پرانی گاڑیاں سستی کرنے پر غور، ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نیشنل ٹیرف پالیسی کے تحت پرانی گاڑیوں کو سستا کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اس سلسلے میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو بھی اپنی تجاویز سے آگاہ کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی (ہم نیوز) کے مطابق حکومت نے 5 سال تک پرانی گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دینے کی تجویز دی ہے، جس سے مقامی مارکیٹ میں گاڑیوں کی قیمتوں میں واضح کمی کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پرانی گاڑیوں پر عائد ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی کو مرحلہ وار ختم کرنے اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کرنے کی سفارش بھی سامنے آئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹو سیکٹر پر نئی ریگولیٹری ڈیوٹیز لاگو نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا جا رہا ہے، جب کہ پرانی گاڑیوں پر ٹیرف کو سالانہ بنیاد پر 10 فیصد تک کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

مزید یہ کہ حکومت آٹو سیکٹر پر نان ٹیرف رکاوٹیں ختم کرنے اور 2030 تک اوسط ٹیرف کو 6 فیصد سے بھی کم کرنے کا پلان تیار کر رہی ہے، تاکہ گاڑیوں کی درآمد اور دستیابی کو آسان بنایا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجاویز بجٹ میں شامل ہو جاتی ہیں تو گاڑیوں کی قیمتوں میں واضح کمی متوقع ہے، جس سے متوسط طبقے کے لیے گاڑی خریدنا قدرے آسان ہو جائے گا۔

Scroll to Top