صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 جون تک درجہ حرارت میں مزید 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ متوقع ہے۔ شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کی شدت برقرار رہے گی، جب کہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق:
بھکر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 50 ڈگری کو چھو گیا۔
بنوں، سرگودھا، نور پور تھل اور سبی میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد، پشاور، بہاولپور اور نواب شاہ میں گزشتہ روز درجہ حرارت 46 ڈگری رہا۔
ڈی جی خان، گوجرانوالہ، حافظ آباد، جیکب آباد اور منڈی بہاؤالدین میں 48 ڈگری۔
پی ڈی ایم اے نے 11 اور 12 جون کے دوران بالائی علاقوں میں 5 سے 7 ڈگری اور جنوبی علاقوں میں 4 سے 6 ڈگری اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں، اور بزرگوں و بچوں کو خصوصی توجہ دیں۔ ہسپتالوں اور ایمرجنسی سروسز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔





