مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور بانی تحریک انصاف عمران خان کے خلاف قائم تمام مقدمات جھوٹ پر مبنی ہیں، اور ان میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جا رہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ ججز کا غائب ہونا ان جعلی مقدمات کی قلعی کھول چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان مقدمات میں عمران خان کے خلاف معمولی سا بھی ثبوت موجود ہوتا تو ججز کو سٹریچر پر عدالت لا کر فیصلے کروا دیے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی جج اور کبھی وکیل کا غائب ہونا دراصل ان مقدمات کو طول دینے اور عوام کو گمراہ کرنے کی ایک منظم کوشش ہے۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم نے انصاف کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں، اور اگر عدالتیں انصاف دینے سے قاصر ہوں تو عوام کا سڑکوں پر آنا ان کا آئینی حق ہے۔
انہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت گولی چلانے کی آخری چال بھی آزما چکی ہے، لیکن اب عوام کے دلوں سے خوف نکل چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے محبوب قائد عمران خان کے لیے ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کو تیار ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس بار اگر عوام سڑکوں پر نکلے تو احتجاجی تحریک کو سنبھالنا حکومت کے بس میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام جعلی حکومت کی ہر فسطائی کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل تیاری کر چکے ہیں۔





