بس ریپیڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی چار اہم روٹس پر بس سروس بند ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
نجی ٹی وی چینل( دنیا نیوز ) کے مطابق حیات آباد فیز 6 سے چلنے والی ای آر 16 بس سروس، شاہ عالم پل سے مال آف حیات آباد تک چلنے والی ای آر 12 سروس، کوہاٹ اڈہ سے پشاور یونیورسٹی تک چلنے والی ای آر 10 اور چمکنی سے مال آف حیات آباد تک چلنے والی سپر ایکسپریس روٹ کی بس سروس بند کر دی گئی ہے۔
بی آر ٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کی تعداد میں نمایاں کمی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے ٹرانس پشاور کو نقصان سے بچانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ خاص طور پر عید کے بعد مسافروں کی تعداد میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس نے بس سروس کی معطلی کو لازم قرار دیا۔
مسافر سروسز کی بندش سے شدید مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں روزمرہ کے سفر کے لیے متبادل ذرائع تلاش کرنا پڑ رہے ہیں۔ انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ حالات بہتر ہونے پر بند شدہ روٹس پر دوبارہ بس سروس بحال کی جائے گی۔





