موسم نے کروٹ بدل لی، محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں آج تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جب کہ رات کے اوقات میں بالائی علاقوں خصوصاً چترال، دیر، سوات اور مالاکنڈ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح مانسہرہ، شانگلہ، کوہستان اور ایبٹ آباد سمیت کئی دیگر اضلاع میں بھی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے جو معمولات زندگی کو متاثر کر سکتی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق یہ موسمی تبدیلی مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کے باعث ہو رہی ہے، جس کا دورانیہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی حالات سے باخبر رہیں۔





