پشاور: ایپکا نے 23جون کو خیبر پختونخوا اسمبلی کے گھیراؤکا اعلان کردیا

پشاور: آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو ڈسپریٹی الاؤنس میں 30 فیصد اضافہ دیا جائے۔

ایپکا پاکستان کے سیکرٹری جنرل اورنگزیب کشمیری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 19 جون کو خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جب کہ 23 جون کو صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم اپنے وعدے سے مکر گئے ہیں اور موجودہ صوبائی بجٹ میں نہ صرف تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ وفاق کی جانب سے اعلان کردہ 30 فیصد ڈسپریٹی الاؤنس میں بھی کمی کا عندیہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فاٹا لویہ جرگہ کا پشاور میں احتجاج، ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ

اورنگزیب کشمیری نے کہا کہ یہ لاکھوں سرکاری ملازمین کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ اگر حکومت نے فوری طور پر ڈسپریٹی الاؤنس میں 30 فیصد اضافے کا اعلان نہ کیا تو بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین سے وعدے کرکے انہیں دھوکہ دیا ہے اور اب سخت ردعمل ناگزیر ہے۔

Scroll to Top