ملک میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، تیز جھکڑوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر کے بعض مقامات پر تیز اور موسلادھار بارش کی توقع ہے، جبکہ جنوب مشرقی سندھ میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ کہیں کہیں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 23 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے پری مون سون بارشیں جاری رہیں گی۔ اس دوران مرطوب ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی ملک کے شمالی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
بارش کی زد میں آنے والے اہم علاقے:
کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال
لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ
خیبرپختونخوا کے اضلاع: ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، کرک، ڈی آئی خان، وزیرستان
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بعض مقامات پر تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی خدشہ موجود ہے، جو نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔





