رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق 1447 ہجری کا نیا اسلامی سال 27 جون بروز جمعہ سے شروع ہونے کا قوی امکان ہے، جبکہ یومِ عاشور 6 جولائی بروز اتوار کو ہوگا۔ کونسل کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کا چاند بدھ 25 جون کو سہ پہر 3 بج کر 32 منٹ پر پیدا ہوگا، اور اس روز چاند کی عمر غروبِ آفتاب کے وقت 27 گھنٹے سے زائد ہو چکی ہوگی، اس لیے ملک بھر میں چاند کا دیکھنا آسان ہوگا۔
رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں ہوگا
محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ لاہور، کراچی، پشاور، اور دیگر شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے۔
ملک بھر میں رویت کے قوی امکانات
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان وقت کا فرق جو چاند کی رؤیت کے لیے کم از کم 40 منٹ ہونا ضروری ہے وہ اس بار نہایت موزوں ہے۔
کراچی میں 74 منٹ
جیوانی میں 75 منٹ
کوئٹہ اور لاہور میں 76 منٹ کا فرق ہوگا،
جو چاند کی واضح رؤیت کے لیے سازگار حالات کی نشاندہی کرتا ہے۔
یکم محرم الحرام: جمعہ، 27 جون 2025
یومِ عاشور (10 محرم): اتوار، 6 جولائی 2025
رویت ہلال ریسرچ کونسل کا کہنا ہے کہ فلکیاتی اور سائنسی حسابات کی روشنی میں چاند کی پیدائش اور رؤیت کے امکانات نہایت واضح ہیں، تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔





