پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ خوشامدانہ رویے ترک کر کے ایبسولوٹلی ناٹ کہنے کا حوصلہ پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نوبل انعام کے لیے نامزدگی غلامی کی انتہا ہے۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ شہباز شریف جن کی خوشامد میں مصروف ہیں، وہی صدر ٹرمپ ہیں جنہوں نے ایران پر براہِ راست حملہ کیا اور اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی آٹھ قراردادوں کو مسترد کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کی خاطر خوشامد سے بہتر ہے کہ کوئی قیدی نمبر 804 بن جائے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ ملکی اور قومی مفادات کو مدنظر رکھیں، محض اقتدار کی خاطر ایسے عالمی رہنماؤں کی حمایت کرنا جو مسلمانوں پر بم برساتے ہیں، ناقابل فہم اور شرمناک عمل ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ایران اور اسرائیل کے مابین ثالثی کی آڑ میں معصوم شہریوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، اور ایسے میں ٹرمپ جیسے شخص کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنا خوشامد کی انتہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور کے 30 ٹیوب ویلز کی بجلی بحال کر دی گئی
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایبسولوٹلی ناٹ پالیسی کی وجہ سے عوام کے دلوں میں بستے ہیں، اور انہوں نے کبھی امتِ مسلمہ کے خون کا سودا نہیں کیا بلکہ ہمیشہ اس کی عزت اور سربلندی کے لیے آواز بلند کی۔





