نوشہرہ: پیرپیائی میں گیس اور بجلی کی طویل اور بلاجواز بندش کے خلاف شہریوں کا صبر جواب دے گیا۔
مشتعل مظاہرین نے پشاور-نوشہرہ جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث رات گئے تک مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں ناظمین، مقامی رہائشی اور شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ہر ماہ باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود گیس اور بجلی کی فراہمی بند ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔
مظاہرین کے مطابق متعلقہ اداروں کو کئی بار شکایات درج کرائی گئیں، لیکن کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ ٹریفک کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں، خاص طور پر مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : شہباز شریف خوشامد چھوڑ کر ایبسولوٹلی ناٹ کی ہمت پیدا کریں، بیرسٹر سیف
احتجاج کرنے والوں نے دھمکی دی کہ اگر فوری طور پر گیس کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو وہ سوئی گیس اور واپڈا دفاتر کا گھیراؤ کریں گے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے اور عوامی مشکلات کا ازالہ کرے۔





