ہارون شینواری
جمرود: فاٹا لویہ جرگہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قبائلی علاقوں میں جرگہ نظام کی بحالی کے لیے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کو مسترد کر دیا ہے۔
جرگہ مشران نے اس اقدام کو غیر سنجیدہ اور مشاورت کے بغیر کیا گیا فیصلہ قرار دیتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مشاورتی اجلاس نوابزادہ فضل کریم آفریدی کی رہائش گاہ حیات آباد میں صدر بسم اللہ خان قبائلی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد مشران نے شرکت کی۔
ان میں ملک خان مرجان وزیر، ملک وارث خان، ملک عبدالرزاق، ملک محمد حسین، پرنسپل نورزمان، ملک اسراراللہ، ملک زیارت گل مہمند، ڈاکٹر تورات آفتاب غلجی، ملک خانزادہ یونس خان، اور ملک الف خان شامل تھے۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جرگہ نظام جیسے حساس اور اہم معاملے پر قبائلی عوام کی حقیقی نمائندگی کے بغیر کوئی فیصلہ ناقابل قبول ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم نے خیبرپختونخوا میں جرگہ سسٹم کی بحالی اور متبادل نظامِ انصاف کے لیے 18 رکنی کمیٹی قائم کر دی
جرگہ مشران نے واضح کیا کہ وہ جلد وفاقی وزیر سیفران امیر مقام سے اسلام آباد میں ملاقات کریں گے اور اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
مشران نے اعلان کیا کہ ملاقات کے بعد نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔





