حکومت اور اپوزیشن میں 8 وزارتوں کے بجٹ میں کٹوتی پر اتفاق

حکومت اور اپوزیشن میں 8 وزارتوں کے بجٹ میں کٹوتی پر اتفاق

قومی اسمبلی میں بجٹ بحث کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے درمیان آٹھ وفاقی وزارتوں کے اخراجات میں کمی کی تحاریک پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ یہ پیش رفت آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری سے قبل سامنے آئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (آج)کے مطابق جن وزارتوں کے بجٹ میں کٹوتی کی تحاریک پیش کی جائیں گی ان میں کابینہ ڈویژن، وزارت تجارت، وزارت دفاع، وزارت توانائی، وزارت خزانہ، وزارت انسانی حقوق، وزارت داخلہ، اور وزارت قومی غذائی تحفظ (نیشنل فوڈ سیکیورٹی) شامل ہیں۔

قومی اسمبلی میں کٹوتی کی ان تحاریک پر باقاعدہ کارروائی کا آغاز کل سے ہو گا۔ اپوزیشن کی جانب سے اب تک 700 سے زائد کٹوتی کی تحاریک جمع کرائی جا چکی ہیں، جن پر وزارت وار بحث کے بعد ایوان میں ووٹنگ ہو گی۔

پارلیمانی روایات کے مطابق، کٹوتی کی تحاریک زیادہ تر مسترد کر دی جاتی ہیں، تاہم یہ مرحلہ بجٹ منظوری کے عمل میں نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔ ان تحاریک کے ذریعے اپوزیشن کو موقع ملتا ہے کہ وہ حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھائے اور عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس مرحلے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے، پارلیمانی عمل کو مؤثر اور تعمیری بنانے کی طرف ایک مثبت قدم ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب معیشت کو درپیش چیلنجز پر قومی اتفاق رائے کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔

Scroll to Top