نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں رواں ہفتے شدید طوفانی بارشوں، سیلابی صورتحال اور اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیجِ بنگال سے بننے والے موسمی سسٹمز پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں، جو مغربی ہواؤں کے ساتھ مل کر شدید بارشوں کا سبب بنیں گے۔ اس دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، اور پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔ ساتھ ہی آندھی اور تیز ہواؤں سے درخت گرنے، بجلی کی بندش اور کمزور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی ہدایت کی ہے، جبکہ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز، محفوظ مقامات پر قیام اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 جون سے اب تک کئی علاقوں میں حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی متاثرین میں شامل ہیں۔ بعض گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔





