سینیٹر ہدایت اللہ خان کی پہلی برسی، یاد میں شمعیں جلائی گئیں

اسلام آباد: باجوڑ سے تعلق رکھنے والے ایوان بالا کے رکن سینیٹر ہدایت اللہ خان کی پہلی برسی گذشتہ روز منائی گئی جس میں انکے اہل خانہ، دوستوں اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے ہدایت اللہ خان سمیت خیبرپختونخوا اور بالخصوص ضم اضلاع کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں لیکن اب مزید یہ جنگ رکنی چاہیئے۔

اس موقع پر سینیٹر ہدایت اللہ خان (مرحوم) کی اہلیہ ریحانہ کا کہنا تھا کہ انکی دعا ہے کہ محبت کرنے والے ہمیشہ ساتھ رہے، آج وہ ان تمام ہزاروں عورتوں کے ساتھ کھڑی ہے جو دہشت گردی کی شکار ہے اور کسی نہ کسی کونے میں بیٹھ چپ چاپ سوگ منارہی ہے۔ عورتیں کہاں دنیا کو بتاسکتی ہیں کہ ان کا غم کیا ہے کیونکہ سرعام بولنے کی اجازت بھی نہیں۔

اس موقع پر شہداء کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔

واضح رہے کہ سینیٹر ہدایت اللہ خان ایک سال پہلے چار دیگر افراد کے ہمراہ ایک بم دھماکے میں اس وقت شہید ہوئے تھے جب وہ ڈمہ ڈولہ کے علاقے میں انتخابی مہم کے دوران جارہے تھے کہ انکی گاڑی بارودی مواد سے ٹکرا گئی تھی۔

Scroll to Top