سیکیورٹی خدشات، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں کرفیو نافذ

خیبرپختونخوا کے حساس اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث جزوی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت شہریوں کی نقل و حرکت پر وقتی طور پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق شمالی وزیرستان میں صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ اس دوران تمام داخلی و خارجی راستے، مرکزی شاہراہیں اور حساس مقامات عام شہریوں کے لیے بند رہیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں۔

دوسری جانب، جنوبی وزیرستان کے متعدد علاقوں میں بھی صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی طور پر اٹھائے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مقامی حکام سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے علاقے میں گشت اور نگرانی کا عمل مزید سخت کر رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی پابندیاں نرم کر دی جائیں گی۔

Scroll to Top