ٹڈاپ میگا کرپشن کیس: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی 9 مقدمات سے بری

ٹڈاپ میگا کرپشن کیس: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی 9 مقدمات سے بری

وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) میں مبینہ میگا کرپشن کیس کے تحت درج نو مقدمات میں چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو باعزت بری کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق عدالت نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے درج مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر شریک ملزمان کو ثبوت نہ ہونے پر بری کرنے کا حکم دیا۔ سابق وزیراعظم آج سماعت کے دوران خود عدالت میں پیش ہوئے۔

ایف آئی اے نے ٹڈاپ کرپشن اسکینڈل میں کل 26 مقدمات درج کیے تھے۔ یوسف رضا گیلانی ان میں سے پہلے ہی 3 مقدمات سے بری ہو چکے تھے، جبکہ آج مزید 9 مقدمات سے بری ہونے کے بعد وہ کل 12 مقدمات سے بری ہو چکے ہیں۔

ٹڈاپ کیس کی تحقیقات کا آغاز 2009 میں ہوا جبکہ مقدمات 2013 سے درج کیے گئے۔ یوسف رضا گیلانی کو 2015 میں مقدمات کے حتمی چالان میں بطور ملزم شامل کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے جعلی کمپنیاں بنا کر فریٹ سبسڈی کی مد میں 7 ارب روپے کی کرپشن کی۔

عدالت نے قرار دیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرائے گئے شواہد الزامات کے ثبوت کے لیے ناکافی تھے، جس کے باعث یوسف رضا گیلانی کو مقدمات سے بری کیا گیا۔

Scroll to Top