باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے علیزو روڈ، سورباٹ کے مقام پر ہفتے کے روز ایک بم دھماکہ ہواجس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بم دھماکہ ملک سبحان اللہ ولد فضل سبحان کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ایک پلانٹڈ آئی ای ڈی دھماکہ تھا جوملک سبحان اللہ کے گھر کے قریب نالے میں نصب کیا گیا تھا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں :تین صوبے بدامنی کی لپیٹ میں، حکمران مزے لوٹنے اور جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں،مولانا فضل الرحمان
ترجمان پولیس کے مطابق دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 10جولائی کو باجوڑ کے صدر مقام خار میں معروف عالم دین ،مصنف اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں شہید ہوگئے تھے۔ واقعے کے خلاف خار میں پرتشدد مظاہرے کئے گئے ۔





