علی امین گنڈاپور کا فضل الرحمان پر تنقید،خیبرپختونخوا میں تبدیلی کے بجائے خود میں تبدیلی لائیں

علی امین گنڈاپور کا فضل الرحمان پر تنقید،خیبرپختونخوا میں تبدیلی کے بجائے خود میں تبدیلی لائیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا کے پی میں تبدیلی لانے کی بات کرنے سے پہلے خود میں تبدیلی لے آئیں تو بہتر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے رائیونڈ روڈ پر واقع فارم ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نئی سیاسی تحریک کا آغاز کر دیا ہے، جو لاہور سے شروع ہو کر پورے ملک میں پھیلے گی۔
انہوں نے کہا، ’’جب بھی کوئی تحریک لاہور سے اٹھی ہے، وہ کامیاب ہوئی ہے، ہم بھی مشاورت کے بعد عملی قدم اٹھانے جا رہے ہیں۔‘‘
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان کا لیڈر بے گناہ ہونے کے باوجود جیل میں ہے، جبکہ اس پر کوئی کیس بھی نہیں۔ ’’ہم نے 5 اگست تک اس تحریک کو نقطۂ عروج تک پہنچانا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کا موازنہ کرنا ناانصافی ہوگی۔ ساتھ ہی انہوں نے یاسر گیلانی سمیت تمام کارکنان کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ارکان کی معطلی غیر قانونی اقدام ہے۔ ’’اگر یہی روش رکھی گئی تو ہم خیبرپختونخوا میں ان کے چیئرمینز کو فارغ کر دیں گے۔‘‘
مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ’’فضل الرحمان خود جعلی مینڈیٹ پر ایوان میں موجود ہیں۔ ان کے صرف ایک ایم این اے اور دو ایم پی ایز میرٹ پر ہیں، باقی سب فارم 47 کی پیداوار ہیں۔ عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’فضل الرحمان کے پی میں تبدیلی کی بات کرتے ہیں، جبکہ وہ خود اپنے حلقے سے جیتنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے عوام کو گمراہ کیا اور اب ہمیں مشورے دے رہے ہیں۔ بہتر ہوگا کہ وہ دوسروں میں خامیاں نکالنے کے بجائے خود میں اصلاح کریں۔‘‘
علی امین نے لاہور میں جلسہ کرنے کی اجازت نہ ملنے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر حکومت جلسے کی اجازت دے تو وہ شکریہ کے ساتھ تحفہ بھی پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا میں تبدیلی کی تجویز دی تھی اور کہا تھا کہ اگر تبدیلی آئے تو وہ پی ٹی آئی کے اندر سے آنی چاہیے۔

Scroll to Top