پی ٹی آئی والے خود کہتے تھے ثبوت دکھائیں اور سزا دیں، رانا ثنااللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خود ہی ثبوت اور سزا کا مطالبہ کرتی رہی، لیکن اب جب سزا سنائی جا رہی ہے تو اسے سیاسی انتقام قرار دیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی چینل(جیونیوز)کے مطابق رانا ثنااللہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں عسکری تنصیبات پر حملے ایک ناقابل تردید حقیقت ہیں، اور ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں قانون کے مطابق جاری ہیں۔انہوں نے کہا’’پی ٹی آئی والے خود کہتے تھے ثبوت دکھائیں اور سزا دیں، اب جب عدالتی فیصلے آ رہے ہیں تو شور مچایا جا رہا ہے کہ سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔‘‘

’’ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے‘‘
رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں گرفتار کیا گیا، یہاں تک کہ انہیں ان مقدمات میں بھی ملوث کیا گیا جن کی سزا موت تھی، لیکن اس کے باوجود ن لیگ مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار رہی۔’’ہم نے بات چیت کی کوشش کی، مگر پی ٹی آئی مسلسل مذاکرات سے انکاری رہی۔

نااہلیوں اور ٹکٹوں کے معاملے پر ردعمل
پی ٹی آئی ارکان کی نااہلی اور ضمنی انتخابات کے تناظر میں پوچھے گئے سوال پر رانا ثنااللہ نے واضح کیا کہ پارٹی ٹکٹ دینا پارلیمانی بورڈ کا اختیار ہے۔ ان کے مطابق پارٹی کارکن کو ٹکٹ کا پہلا حق حاصل ہوتا ہے، لیکن پارٹی قیادت کسی اور امیدوار کو بھی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔

Scroll to Top