بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں میجر سمیت تین جوان شہیدو ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اور 6 اگست 2025 کی درمیانی شب مستونگ کے علاقے میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔
حملے کے نتیجے میں پاکستان کے تین بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گئے، شہداء میں میجر محمد رضوان طاہر (عمر 31 سال، تعلق ضلع نارووال)، نائیک ابنِ امین (عمر 37 سال، تعلق ضلع صوابی) اور لانس نائیک محمد یونس (عمر 33 سال، تعلق ضلع کرک) شامل ہیں۔
میجر رضوان شہید ایک دلیر اور بہادر افسر تھے جنہوں نے متعدد انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں میں حصہ لیا اور ہمیشہ اپنے دستے کی قیادت اگلے مورچوں سے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیاجس کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن اب بھی جاری ہے تاکہ علاقے میں چھپے دیگر دہشتگردوں کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک فوج بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔





