خیبرپختونخوا کے 27 اضلاع میں 135 بلدیاتی نشستیں خالی،وزیراعلی کا آبائی علاقہ ڈی آئی خان سب سے آگے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 135 بلدیاتی نشستوں کے خالی ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ یہ نشستیں بلدیاتی نمائندوں کی وفات، استعفے یا کاغذات نامزدگی جمع نہ کرانے کی وجہ سے خالی ہوئی ہیں۔

ای سی پی کے مطابق خیبرپختونخوا میں 65 بلدیاتی ارکان نے اپنے عہدے چھوڑ دیے جبکہ 64 افراد کا انتقال ہوا ہے۔ اس کے علاوہ 6 نشستوں پر کاغذات نامزدگی پیش نہیں کیے گئے جس کے باعث وہ نشستیں بھی خالی قرار پائی ہیں۔ یہ نشستیں ویلج اور نیبرہوڈ کونسل کے کونسلرز کی ہیں۔

پشاور اور نوشہرہ میں 9، 9 نشستیں، صوابی، چارسدہ اور خیبر میں 2، 2، 2، مردان میں 4، ہنگو، اورکزئی اور کرم میں 2، 2، 2، کوہاٹ میں 5، لکی مروت میں 3، شمالی وزیرستان میں 1، ڈیرہ اسماعیل خان میں سب سے زیادہ 34 اور ٹانک میں 3 نشستیں خالی ہوئی ہیں۔

اسی طرح ایبٹ آباد اور اپر وزیرستان میں 5، 5، لوئر وزیرستان میں 1، ہری پور میں 17، مانسہرہ میں 8، بٹگرام میں 1، سوات میں 5، شانگلہ اور اپر دیر میں 3، 3، لوئر دیر میں 2، مالاکنڈ میں 1 اور باجوڑ میں 5 نشستیں خالی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پختون ڈیجیٹل میڈیا کی مقبولیت میں زبردست اضافہ، صرف ایک دن میں فیس بک ویوز 50 لاکھ سے تجاوز

الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ان تمام نشستوں پر جلد از جلد ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ بلدیاتی نظام کو فعال اور مستحکم رکھا جا سکے۔

Scroll to Top