پاکستان کرکٹ بورڈ کا ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر میں نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے اسکول سطح پر کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد جڑوں سے ٹیلنٹ نکال کر قومی کرکٹ کا حصہ بنانا ہے۔

پی سی بی کے مطابق اس پروگرام میں 39 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد اسکول شریک ہوں گے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں ہر اسکول میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے ذریعے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ یہ ٹرائلز پی سی بی سے وابستہ 60 سے زائد تربیت یافتہ کوچز کی نگرانی میں ہوں گے۔

ٹرائلز کی تکمیل کے بعد ستمبر کے تیسرے ہفتے میں 400 سے زائد اسکولوں کے درمیان 40 اوورز فی اننگز پر مشتمل کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا، جو نوجوانوں کو خود کو منوانے کا عملی موقع فراہم کرے گا۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز کرکٹ کی ترقی کے لیے بھی ویمنز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کیا تھا، جو سیزن 2025-26 کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت انڈر 19 ایمرجنگ خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز 21 اگست سے کراچی میں شروع ہوں گے، اور ملک کے مختلف شہروں میں 3 ستمبر تک جاری رہیں گے۔ لاہور، کراچی، راولپنڈی، پشاور، مردان، کوئٹہ، ملتان اور بہاولپور جیسے اہم شہروں میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا۔

ویمنز پروگرام کے لیے انڈر 19 کرکٹرز کی کم سے کم عمر 12 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ منتخب ہونے والی کھلاڑیوں کو نیشنل انڈر 19 ٹورنامنٹ میں نمائندگی کا موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں : الیکٹرک بائیکس کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

پی سی بی کی جانب سے اسکول اور خواتین کرکٹ کے لیے بیک وقت ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ بورڈ نچلی سطح سے ٹیلنٹ کی تلاش اور کرکٹ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہا ہے۔

Scroll to Top