محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی کے مطابق خیبرپختونخوا میں 23 تا 26 اگست کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس موسمی نظام سے صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع — جن میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، چترال، کوہستان، بونیر، پشاور، مردان، نوشہرہ، ڈی آئی خان اور وزیرستان شامل ہیں — میں شدید بارشوں سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور طوفانی بارش سے کمزور تعمیرات، بجلی کے پول، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے، نکاسی آب کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام، سیاحوں و مسافروں کو بروقت الرٹ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے کاشت کاروں، چرواہوں اور سیاحوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی فصلیں اور مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں، اور خطرناک پہاڑی یا ندی نالے والے علاقوں سے اجتناب کریں۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں لڑکیوں کی مذہبی تعلیم پر بھی پابندی لگنے کا خدشہ
حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ایمرجنسی سروسز، طبی امداد، خوراک و پانی کی فراہمی، اور دیگر بنیادی ضروریات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال کی اطلاع یا مدد کے لیے عوام 1700 ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





