اگر کسی نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے تو وہ پی ٹی آئی ہے، امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک کو اگر کسی نے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے تو وہ پاکستان تحریک انصاف ہے، ان کا کہنا تھا کہ سیاست سے پہلے پاکستان کی بات ہونی چاہیے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی ہر موقع پر خود کو انتقامی کارروائی کا شکار ظاہر کرتے ہیں حالانکہ ان کے اقدامات اور ان کے سوشل میڈیا کی سرگرمیاں پوری قوم کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جو نقصان ہوا ہے وہ انہی کے رویوں اور پالیسیوں کا نتیجہ ہے، اداروں کو کمزور کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کو اب ملکی استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

امیر مقام نے کہا کہ ان کے بیٹے پر مقدمات بنائے گئے اور ان کی اہلیہ کو ہراساں کیا گیا مگر اس کے باوجود انہوں نے کبھی ریاست یا اداروں کے خلاف بات نہیں کی، ہم نے ماضی میں انتقامی کارروائیاں برداشت کیں لیکن دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ صف اول میں کھڑے رہے۔

امیر مقام نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے اعمال کا جواب عدالتوں میں دینا ہو گا، ہم نے ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا فیصلہ عدالتوں کو کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہم بار بار قومی مفاد پر بات کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، سیاست ایک طرف لیکن ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر چلنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثنا اللہ کی غیر متوقع دعوت، کیا اپوزیشن مذاکرات کی میز پر آئے گی؟

امیر مقام نے کہا کہ ملکی معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، پی ٹی آئی کو چاہیے کہ مذاکرات کے لیے بااختیار قیادت کو سامنے لائے کیونکہ بغیر اختیار نمائندوں سے بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے چارٹر آف اکانومی کی پیشکش کی لیکن بدقسمتی سے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔

Scroll to Top