خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 87 ہزار سے زائد صارفین تاحال بجلی سے محروم ہیں۔
پاور سیکٹر حکام کے مطابق، سیلاب نے سب سے زیادہ سوات، شانگلہ اور بونیر کے اضلاع کو متاثر کیا، جہاں مجموعی طور پر 292 ٹرانسفارمرز کو نقصان پہنچا، جبکہ 49 فیڈرز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ 12 ہزار صارفین کی بجلی بحال کر دی گئی ہے تاہم ہزاروں صارفین اب بھی اندھیرے میں ہیں۔
پشاور میں بھی نظام متاثر
رپورٹ کے مطابق پشاور میں 33 فیڈرز مکمل بحال جبکہ 9 جزوی طور پر بحال کیے گئے ہیں، تاہم 7 فیڈرز بدستور غیر فعال ہیں، جس سے تقریباً 2 لاکھ 99 ہزار صارفین متاثر ہوئے۔
متاثرہ اضلاع میں صورتحال تشویشناک سوات میں 63 فیصد صارفین بجلی سے محرومشانگلہ میں 56 فیصد صارفین متاثربونیر میں 46 فیصد بجلی کی فراہمی معطل
بحالی کے کاموں میں 10 تکنیکی ٹیمیں اور 87 فیلڈ اہلکار دن رات مصروفِ عمل ہیں۔ حکام کے مطابق 481 پولز اور 55 فیڈرز کی مرمت جاری ہے۔ تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ سوات اور بونیر کے بڑے اسپتالوں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
پیسکو کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، سیلاب سے بجلی کے نظام کو 16 کروڑ 42 لاکھ 77 ہزار روپے کا نقصان پہنچا ہے، جس میں صرف سوات میں ہونے والا نقصان 5 کروڑ 36 لاکھ 46 ہزار روپے سے زائد ہے۔
پاور حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کی معطلی پر صبر و تحمل سے کام لیں، اور بحالی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ بجلی کی فراہمی جلد مکمل طور پر بحال کی جا سکے۔





