خیبرپختونخوا میں 300 ارلی چائلڈ ایجوکیشن سینٹرز قائم کئے جائیں گے

صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے ہشو فاؤنڈیشن کے باہمی تعاون سے ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن پروگرام کے تحت 300 ارلی چائلڈ ایجوکیشن سینٹرز کے قیام کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفسر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ خصوصاً پرائمری لیول پر تعلیم کی بہتری کے لیے ہشو فاؤنڈیشن اور بین الاقوامی پارٹنرز کے تعاون سے 300 نئے ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن سینٹرز صوبے کے 20 اضلاع میں قائم کیے جائیں گے۔ جس کا بنیادی مقصد پرائمری لیول پر تعلیم کی بہتری ہے اور بچوں کو ایک مخصوص کلاس روم میں بہترین تدریسی ماحول کے ساتھ ساتھ کلاس رومز میں دیگر تمام سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک صوبائی حکومت اور پارٹنر آرگنائزیشنز کے تعاون سے ہزاروں سینٹرز قائم کیے گئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ کو تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کو مزید توسیع دی جا رہی ہے اور صوبے کے تمام اضلاع کے پرائمری سکولوں میں یہ سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔

وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ ان سینٹرز سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو ہماری ایجوکیشن کی فاؤنڈیشن “لیٹریسی اینڈ نیومریسی” (FLN) پالیسی کے تحت گریڈ 2 سے لے کر گریڈ 5 تک اسی طرح کورس پڑھایا جائے گا۔

وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ ہمارے پارٹنر آرگنائزیشن اور صوبائی حکومت کے مشترکہ پروگراموں سے مزید ہزاروں کی تعداد میں طلبہ و طالبات بھی مستفید ہوں گے اور پرائمری لیول کی ایجوکیشن کو از سر نو ترتیب دیا جائے گا۔

Scroll to Top