تیز بارش اور پانی کی تیز بہاو نے بونیر کو دوبارہ آزمائش میں ڈال دیا

شہزاد نوید
بونیر: بونیر میں پیربابا اور مضافاتی علاقوں میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جو گزشتہ چار گھنٹوں سے گرج چمک کے ساتھ ہو رہی ہے۔

اس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور پانی کے بہاؤ میں خطرناک اضافہ ہو گیا ہے، جس سے عوام میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی ہے۔

متاثرہ علاقوں کے لوگ گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کاشف قیوم نے ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر امدادی ادارے ہائی الرٹ پر تعینات ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سوات: مینگورہ خوڑ میں پانی کی سطح بڑھ گئی، دکانیں خالی کروا دی گئیں

ڈپٹی کمشنر نے ریونیو فیلڈ سٹاف اور لوکل گورنمنٹ اہلکاروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو آگہی کے پیغامات جاری کیے جا رہے ہیں اور فوری امدادی سرگرمیوں پر زور دیا جا رہا ہے۔

اگر بارش کا سلسلہ جاری رہا تو کسی بھی وقت بڑا سانحہ پیش آ سکتا ہے، جس سے متاثرہ لوگوں کی مشکلات اور بے بسی میں مزید اضافہ ہوگا۔

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عوام کو محتاط رہنے اور حفاظتی اقدامات اپنانے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top