ترقی کی نئی راہیں،خیبر پختونخوا میں ترقی کا نیا دور ، بجٹ میں 2159 منصوبے شامل

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیجیٹل گورننس کے شعبے میں ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ای-پنشن سسٹم کے اجراء کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ یہ نظام یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔

وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے ای-پنشن سسٹم کے لیے کانسپٹ پیپر تیار کر لیا ہے جبکہ محکمہ خزانہ کو اس کو عملی جامہ پہنانے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

نئے نظام کے تحت پنشن پراسیس کو مکمل پیپر لیس اور خودکار بنایا جائے گا، جس سے سرکاری ملازمین کو سہولت اور شفافیت میسر آئے گی۔

ای-پنشن سسٹم کی خصوصیات

یکم جنوری 2026 سے نئے پنشنرز کو پنشن کی ادائیگی ای-پنشن سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔ موجودہ پیپر بیسڈ پنشن نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جائے گا۔

ایک ویب بیسڈ احساس پنشن ڈیش بورڈ متعارف کروایا جائے گا جہاں ملازمین ریٹائرمنٹ سے 6 ماہ پہلے ایک سادہ ڈیجیٹل فارم بھر کر پنشن کیس داخل کرا سکیں گے اور تمام دستاویزات آن لائن اپ لوڈ کی جا سکیں گی۔

پورے عمل کو خودکار بنایا جائے گا جس میں فزیکل فائل یا کاغذ کا استعمال نہیں ہوگا۔ سسٹم خود بخود ویری فکیشن، منظوری، سینکشن آرڈر، ریٹائرمنٹ آرڈر، پنشن پیپرز اور پنشن پیمنٹ آرڈر تیار کرے گا۔

تمام آرڈرز ڈیجیٹل دستخط شدہ اور قانونی طور پر قابل قبول ہوں گے۔

محکمہ وائز کارکردگی کی مانیٹرنگ کے لیے ایک مربوط نظام قائم کیا جائے گا جسے وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ ڈیش بورڈ کے ذریعے دیکھ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا، ہراسانی کا ہتھیار بن چکا ہے، خرم دستگیر

یہ نظام نادرا، اے جی آفس اور بینکوں کے ساتھ منسلک ہوگا تاکہ مقررہ ٹائم پر پنشن براہِ راست پنشنرز کے بنک اکاؤنٹس میں منتقل کی جا سکے۔

ای-پنشن سسٹم کے لیے متعلقہ قوانین میں ترامیم بھی تجویز کی گئی ہیں تاکہ نظام کو دیرپا اور مؤثر بنایا جا سکے۔

ایک دس اہداف پر مشتمل روڈ میپ بھی تیار کیا گیا ہے جس میں مختلف محکموں کو واضح ٹائم لائنز اور اہداف دیے گئے ہیں۔ منصوبہ ہے کہ 15 جنوری 2026 تک اس نظام کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔

نئے نظام کے تحت پنشن پراسیس کا وقت مہینوں کی بجائے 2 سے 4 ہفتوں تک کم ہو جائے گا، جس سے ملازمین کو پنشن کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا کو حقیقی معنوں میں ڈیجیٹل بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

خیبر پختونخوا ملک کا پہلا صوبہ ہوگا جو ای-پنشن سسٹم کا نفاذ کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک صوبائی حکومت نے 36 مختلف عوامی خدمات کو آن لائن کیا ہے اور دیگر خدمات کو بھی آن لائن لانے کا عمل جاری ہے۔

Scroll to Top