تحصیل ماموند کے کلیئر شدہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں اور ریاستی عملداری کی بحالی کے بعد، متاثرہ خاندانوں کی اپنے آبائی گھروں کو واپسی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اس اہم پیشرفت کے حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ماموند تحصیل کے علاقوں لرکلان، برکلان، غنم شاہ، چمیار جوڑ اور چوترہ واڑہ کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے اور ان علاقوں میں اب ریاست کی رٹ بحال ہو چکی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے آپریشن مکمل کرتے ہوئے ان علاقوں کو محفوظ قرار دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کے متاثرہ خاندان اب بلا خوف و خطر اپنے گھروں کو واپس جا سکتے ہیں۔ ان کی واپسی کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جن میں سیکیورٹی، بنیادی سہولیات، اور باعزت انداز میں آبادکاری کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرین کی واپسی مرحلہ وار کی جائے گی اور اس مقصد کے لیے مکمل منصوبہ بندی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ آئندہ مرحلوں میں باقی علاقوں کے متاثرہ خاندانوں کو بھی ان کے گھروں تک پہنچایا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے باجوڑ کے عوام کے صبر، قربانی اور ریاست پر اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واپسی صرف ایک عمل نہیں بلکہ امن، استحکام اور ترقی کے نئے باب کا آغاز ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مرحلے میں تعاون جاری رکھیں تاکہ خطے میں پائیدار امن ممکن بنایا جا سکے۔





