خیبر پختونخوا کے چار اضلاع کی پانچ ویلیج کونسلز میں چیئرمین کی نشستوں پر ان ہاؤس پولنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق یہ پولنگ 11 ستمبر 2025 کو اوپن ڈویژن کے تحت منعقد کی جائے گی۔
پولنگ ان اضلاع میں ہو گی، مردان، ہنگو، اورکزئی اور ٹانک۔ متعلقہ ویلیج کونسلز کے منتخب ممبران چیئرمین کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پولنگ کے لیے ریٹرننگ افسران کی تعیناتی مکمل کر لی گئی ہے۔ ریٹرننگ افسر 11 ستمبر کو ہی امیدواروں سے کاغذاتِ نامزدگی وصول کریں گے، ان کی جانچ پڑتال اور واپسی بھی اسی دن ممکن ہو گی۔ ہر ممبر صرف ایک امیدوار کا تجویز کنندہ یا تائید کنندہ بننے کا مجاز ہوگا۔
پولنگ کا عمل اوپن ڈویژن کے اصولوں کے تحت ہو گا، جس میں ممبران اپنے پسندیدہ امیدوار کا نام رجسٹر میں درج کر کے دستخط اور انگوٹھے کا نشان لگائیں گے۔ ریٹرننگ افسر پولنگ مکمل ہونے کے بعد نتائج مرتب کر کے فوری طور پر صوبائی الیکشن کمشنر کو ارسال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام عمل کو شفاف، منصفانہ اور بروقت مکمل کرنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جا چکے ہیں۔





