ملک بھر سے لاکھوں افغان غیر قانونی مقیم افراد وطن لوٹنے لگے، خیبرپختونخوا سرفہرست

ملک بھر سے لاکھوں افغان غیر قانونی مقیم افراد وطن لوٹنے لگے، خیبرپختونخوا سرفہرست

خیبرپختونخوا سے افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل تیز، طورخم بارڈر سے 2491 افراد روانہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا عمل جاری ہے، جہاں صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق 8 ستمبر کو طورخم بارڈر سے 2491 افراد افغانستان واپس بھیجے گئے۔ ان میں 746 غیر قانونی افراد بھی شامل ہیں۔ اب تک خیبرپختونخوا سے مجموعی طور پر 7 لاکھ 43 ہزار سے زائد افغان باشندے اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں بھی غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی واپسی کا عمل جاری ہے، جہاں مجموعی طور پر 6 لاکھ 5 ہزار 992 غیر قانونی مہاجرین کو ان کے آبائی وطن روانہ کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ واپسی کرنے والوں میں 89 ہزار 467 پروف آف رجسٹریشن کارڈ ہولڈرز اور 48 ہزار 254 افغان سیٹیزن کارڈ ہولڈرز شامل ہیں۔ صوبائی سطح پر سب سے زیادہ واپسی طورخم بارڈر کے ذریعے عمل میں آئی ہے۔

مزید برآں، دیگر صوبوں بشمول اسلام آباد، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی مجموعی طور پر 30 ہزار 694 افغان باشندوں کو واپس بھیجا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واپسی کا یہ عمل انسانی حقوق اور قانونی اصولوں کے تحت منظم انداز میں جاری ہے تاکہ مہاجرین کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

واپسی کے اس عمل سے متعلق متعلقہ حکام نے افغان باشندوں کو اپنے وطن واپس جانے کی حوصلہ افزائی کی ہے تاکہ ملک میں استحکام اور امن کی فضا قائم کی جا سکے۔

Scroll to Top