وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹروں پر ہونے والے تشدد کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر شیر زمان اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر شہسوار سے رابطہ کیا ہے اور ملوث افراد کیخلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی ہدایت کی ہے۔
یہاں سے جاری اپنے بیان میں مشیر صحت نے کہا ہے کہ ہسپتال جیسی حساس جگہ میں لڑائی جھگڑاکسی صورت قابل قبول نہیں۔ واقعے میں ملوث افراد کیخلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔
ترجمان حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے مطابق ٹی بی سینٹر میں ایچ ایم سی کے ڈاکٹروں پر ہونے والا حملہ نہایت شرمناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کیخلاف کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکتر شیرزمان نے اس واقعے پر نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی ڈاکٹروں کو فوری اور پہلی ترجیح پر علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور اس واقعے کی باضابطہ اندرونی انکوائری بھی کی جائے گی۔
ان کے مطابق واقعے کے بعد فوری طور پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ملوث افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے تاکہ قانون کے مطابق ان کو کڑی سزا دی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان سے ملاقات کا دن، فہرست حکام کو بھجوا دی گئی
ایچ ایم سی کی انتظامیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو مثالی اور تاریخی سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص ہیلتھ کیئر ورکرز کے ساتھ ایسی حرکت کی جرات نہ کر سکے۔





