خیبر: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات اور وزیر ایکسائز خلیق الرحمن کی رہنمائی میں محکمہ ایکسائز کے سیکریٹری خالد الیاس اور ڈائریکٹر جنرل عبدالحلیم خان کے احکامات کے تحت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، ڈیلروں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو کے زیر نگرانی سعود خان گنڈاپور کی قیادت میں عدنان شاہد، ناصر امیر اور ملک نیاز علی سمیت دیگر اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر خیبر ڈسٹرکٹ میں بڑی کارروائی کی۔
دوران کارروائی شدید مزاحمت کے باوجود ایک گاڑی کو قابو کیا گیا، جس سے 501 کلو گرام چرس اور 4 کلو آئس برآمد ہوئی۔
گاڑی کا نمبر AYU 514 اسلام آباد سے تعلق رکھتا تھا اور یہ نو گزے بابا کے قریب تلاشی کے دوران پکڑی گئی۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان وانا میں ایف سی ساوتھ کے زیر اہتمام تاریخی یوتھ کنونشن کا انعقاد
محکمہ ایکسائز نے فوری طور پر تھانہ ایکسائز خیبر میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے میں منشیات کے خلاف جاری مہم کو موثر اور سخت بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچایا جا سکے اور صوبے کو منشیات کے ناسور سے پاک کیا جا سکے۔





