خیبرپختونخوا میں آئندہ چند روز کے دوران شدید موسمی صورتحال کا خدشہ۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 16 ستمبر سے 19 ستمبر تک بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی پر مشتمل الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، پشاور اور کوہاٹ میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ اس دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں نالوں اور دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے کا خطرہ موجود ہے، جبکہ ایبٹ آباد، بٹگرام، مانسہرہ، سوات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
عوام کے لیے احتیاطی ہدایات،پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ’’خراب موسم کے دوران کمزور مکانات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔‘‘
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی!محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا کے علاوہ کشمیر میں 15 سے 19 ستمبرگلگت بلتستان میں 16 سے 19 ستمبراسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 16 سے 19 ستمبر کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم ساحلی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم مرطوب اور جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے
موسمی صورتحال کے پیش نظر عوام سے گزارش ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مدد حاصل کریں۔





