امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چھٹی بار غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کر دی

نیو یارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ نے چھٹی بار غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کر دیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس قرارداد کی حمایت میں سلامتی کونسل کے 14 ارکان نے ووٹ دیا تھا، تاہم امریکہ نے اسے مسترد کر دیا۔

قرارداد میں غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اسرائیل سے کہا گیا تھا کہ وہ فلسطینی علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے۔

یہ قرارداد سلامتی کونسل کے 15 میں سے 10 غیر مستقل رکن ممالک کی جانب سے پیش کی گئی تھی جن میں پاکستان بھی شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اقوام متحدہ میں فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، عاصم افتخار

امریکی ویٹو ایسے وقت میں آیا ہے جب غزہ میں انسانی بحران شدید ہو چکا ہے اور عالمی برادری کی جانب سے جنگ بندی کے لیے دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکہ کے اس اقدام پر متعدد ممالک نے گہری مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

Scroll to Top