خطے کی سلامتی کے لیے نیٹو طرز کا اتحاد قائم ہونا چاہیے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ ابھی شروعات ہے اور خطے کے دفاع کے لیے نیٹو کی طرز پر مضبوط اتحاد قائم کرنا چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون برسوں پر محیط ہے اور موجودہ معاہدہ کوئی نئی بات نہیں، ان کا کہنا ہے کہ دیگر دوست ممالک نے بھی اس دفاعی معاہدے میں شراکت داری کی خواہش ظاہر کی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک کو ایک مضبوط اتحاد بنانا چاہیے تاکہ اگر کسی ملک پر حملہ ہوتا ہے تو سب ساتھ کھڑے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ امت مسلمہ اپنے دفاع کے لیے متحد ہو۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سعودی عرب کا نیٹو طرز کا دفاعی معاہدہ، عرب دنیا کے لیے دروازے کھل گئے،خواجہ آصف

خواجہ آصف نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہاں 30 لاکھ سے زائد پاکستانی موجود ہیں جو اپنے ملک کی ترقی کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

Scroll to Top