چیئرمین پی سی بی حارث رؤف کا جرمانہ خود ادا کرینگے

ایشیا کپ کے ایک میچ کے دوران اشارے کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فاسٹ باؤلر حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے یہ جرمانہ خود ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی جو اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں، آج رات دبئی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات بھی کریں گے۔ بطور اے سی سی صدر، محسن نقوی ایشیا کپ کا ممکنہ پاک،بھارت فائنل بھی دیکھیں گے اور فاتح ٹیم کو ٹرافی سے نوازیں گے۔

ذرائع کے مطابق میچ ریفری رچی رچرڈسن نے حارث رؤف سے پوچھا کہ انہوں نے’’0-6‘‘کا اشارہ کیوں کیا، جس پر بھارتی بورڈ نے اعتراض اٹھایا تھا۔رچی رچرڈسن کا کہنا تھا کہ یہ اشارہ کسی اور تناظر میں لیا جا رہا ہے۔

تاہم حارث رؤف نے نہایت پُر اعتماد انداز میں جواب دیا’’بھارتی بورڈ خود بتائے 0-6 کا کیا مطلب ہوسکتا ہے؟ اگر وہ سمجھتے ہیں میں کسی اور چیز کی طرف اشارہ کر رہا تھا تو وہ بتائیں، میرے نزدیک یہ محض ایک فین کی جانب اشارہ تھا، اور اس کا کوئی اور مطلب نہیں تھا۔‘‘

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی حارث رؤف کے اس مؤقف سے متفق ہیں اور ان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ جرمانہ خود ادا کرنے کا فیصلہ بھی اسی اظہارِ یکجہتی کا حصہ ہے۔

Scroll to Top