افغانستان پر پاکستان، ایران، چین اور روس کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری

پاکستان، چین، ایران اور روس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر روس کی میزبانی میں ہونے والے چوتھے چار فریقی اجلاس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں افغانستان کو ایک آزاد، متحد اور پرامن ریاست کے طور پر دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں چاروں ممالک نے افغانستان میں دہشت گردی، جنگ اور منشیات سے پاک معاشرہ قائم کرنے کو خطے کے امن اور ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

افغان حکام پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کریں تاکہ خطے میں استحکام قائم ہو سکے۔

شرکاء نے افغانستان کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی تعاون اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری امداد کو برقرار رکھنے اور افغان پناہ گزینوں کی باعزت واپسی میں سہولت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ کی تحصیل ماموند میں افسوسناک واقعہ

اعلامیے میں اس بات پر خاص زور دیا گیا کہ افغانستان میں خواتین اور بچیوں کو تعلیم، روزگار اور معاشی مواقع دیے بغیر ملک میں پائیدار ترقی ممکن نہیں ہو سکتی۔

Scroll to Top