نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور اہم مقام حاصل ہوا ہے
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی اجلاسوں میں بھرپور شرکت کو اس کامیابی کی وجہ قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی زیر صدارت 8 ممالک کی اہم میٹنگ میں پاکستان کی نمائندگی نمایاں رہی جس سے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ مضبوط ہوئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی کاوشیں صدقہ جاریہ اور ثواب کا کام ہیں، جن کے مثبت نتائج مستقبل میں نظر آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی طاقتیں جو کچھ نہیں کر سکیں اس میٹنگ کے نتیجے میں وہ ممکن ہوگا، وزیراعظم نے کشمیر اور فلسطین کے معاملے پر بہترین نمائندگی کی جس سے پاکستان کا موقف بین الاقوامی سطح پر مضبوط ہوا۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اپریل 2022 میں ذمہ داری سنبھالی اور ملک کی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا جبکہ پچھلے چار سالوں میں یہ 47ویں نمبر پر آ گیا تھا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو دوبارہ استحکام دیا ہے، پالیسی ریٹ اور مہنگائی میں کمی آئی ہے اور پاکستان کا فوکس ترقی اور غربت کے خاتمے پر مرکوز ہے۔





